دل کے مریضوں کے لیے ضلعی سطح پر علاج کی سہولت فراہم کردی،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر میں دل کے مریضوں کیلئے ضلعی سطح پر علاج کی فراہمی کا وعدہ پورا کرتے ہوئے 16 اضلاع میں سرکاری اسپتالوں میں انجیوپلاسٹی کی سہولت کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے۔

حکومت پنجاب کے تحت میانوالی، قصور، جھنگ، وہاڑی، بہاولنگر، لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ، خانیوال، راجن پور، بھکر، چکوال، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد سمیت 16 اضلاع میں جدید کیتھ لیب قائم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر کیتھ لیب کے لیے تجربہ کار کارڈیالوجسٹ، میڈیکل آفیسرز، نرسنگ اسٹاف، امیجنگ اور لیب ٹیکنالوجسٹ کی تعیناتی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف سی پی ایس، ایم ڈی اور امریکن بورڈ آف کارڈیالوجی سے ڈپلومہ یافتہ ڈاکٹرز کو ان مراکز میں تعینات کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ کیتھ لیب کی دستیابی سے مریضوں کو فوری ریلیف ملے گا اور بڑے شہروں کی طرف منتقلی کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ ہم ہر ضلع میں مرحلہ وار یہ سہولت یقینی بنائیں گے تاکہ دل کے مریضوں کو علاج کی جدید سہولتیں ان کے اپنے علاقے میں میسر آ سکیں۔ ہر مریض کو علاج کی بہترین سہولیتیں گھر کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔