میر مرتضیٰ بھٹو کے صاحبزادے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنا پہلا الیکشن لاڑکانہ سے لڑنے کا اعلان کردیا۔ دادو میں گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار جونیئر نے کہا کہ کسی سے اتحاد کے بغیر عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے، ہمیں نئی سوچ سے آگے بڑھنا چاہیے، سندھ کی زمینیں اور معدنی وسائل پر لوٹ مار اور قبضہ برداشت نہیں کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امیروں کی طرح سیاست نہیں کرنی چاہیے، مرتضیٰ بھٹو کا نظریہ بڑھانے کے لیے ہم نئی سوچ اور نظریے سے آرہے ہیں اور ہم عوام کی طاقت سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے اسٹیبلشمنٹ کی کوئی سپورٹ نہیں ہے۔
میں خود اپنے آپ کو بنانے کی کوشش کر رہا ہوں، میری ہمشیرہ فاطمہ بھٹو پاکستان آرہی ہیں۔ ہم ان کے ساتھ پارٹی کا اعلان کریں گے۔پیپلز پارٹی ہائی جیک ہوچکی ہے۔ہم زرداری لیگ کو مسترد کرتے ہیں۔یہ پیپلز پارٹی وہ نہیں جو ذوالفقار علی بھٹو اور میر مرتضیٰ بھٹو کی تھی۔ہم پی پی پی کے ساتھ کبھی بھی نہیں کام کریں گے۔
ادھرپیپلزپارٹی کے رہنما اور ترجمان حکومت سندھ نادر گبول نے کہا ہے کہ لیاری کے عوام ایک بار پھر پیپلزپارٹی کو ہی ووٹ دے کر کامیاب کریں گے۔ ذوالفقار جونیئر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں کردار ادا کرنا ہر کسی کا جمہوری حق ہے۔ انہوں نے ذوالفقار جونیئر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لاڑکانہ یا لیاری سے الیکشن لڑیں لیکن شکست کے لیے تیار رہیں۔
آپ کے والد1993ء میں لیاری سے الیکشن لڑے مگر دوسری پوزیشن بھی حاصل نہیں کرسکے۔ سندھ کے عوام نے 2024ء کے الیکشن میں پیپلزپارٹی کو ووٹ دیکر اپنا اعتماد ظاہر کیا تھا اور لیاری کے عوام ایک بار پھر پیپلزپارٹی کو ہی ووٹ دے کر کامیاب کریں گے۔
واضح رہے لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 4 نشستیں ہیں جہاں سے 2024 کے عام انتخابات میں بلاول بھٹو بھی الیکشن لڑ کر منتخب ہوئے ہیں جب کہ ماضی میں بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو بھی لاڑکانہ سے الیکشن لڑکر کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔