بارشوں،سیلاب سے مزید7اموات،فصلیں تباہ،زمینی راستے منقطع

اسلام آباد/روجھان/لاہور:این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں اور سیلاب سے اموات بارے رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں7افراد جاں بحق ہوئے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں مختلف واقعات میں 15 افراد زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے اب تک مون سون کے دوران مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 288 افراد جاں بحق ہوئے، 26 جون سے اب تک ملک بھر میں 690 زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں بارشوں اور سیلاب سے پنجاب میں6اور سندھ میںایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں اور سیلاب سے پنجاب میں15افراد زخمی ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹے میں بارشوں اور سیلاب سے خیبرپختونخوا میںایک شخص زخمی ہوا، این ڈی ایم اے کے مطابق زیادہ تر اموات سیلاب، گھروں کی چھتیں گرنے اور ڈوبنے کے باعث ہوئیں۔

ادھردریائے سندھ میں طغیانی سے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کچہ چوہان اور کچہ میانیوالی نمبر 1 اور 2 سمیت کئی علاقے متاثر ہوئے۔

دریائے سندھ میں طغیانی سے ہزاروں ایکڑ پر مونگی اور کپاس سمیت دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ زمینی راستے منقطع ہیں اور کشتیوں کے ذریعے آمدورفت جاری ہے۔سیلاب متاثرین کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو متاثرہ علاقوں کے دورے کی ہدایت جاری کر دی۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو نے عملے کے ہمراہ کشتی پر سیلابی علاقوں کا معائنہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دریا معمول کے مطابق نشیبی علاقوں سے گزر رہا ہے، فصلوں کا سروے پانی اترنے کے بعد کیا جائے گا، حکومت اور انتظامیہ ہر قدم پر سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے۔

دریں اثنائمحکمہ موسمیات نے ملک بھر میں اگست کے مہینے میں بھی معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کر دی جبکہ بارشوں کا جاری اسپیل مزید دو روز چلے گا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے کہا کہ جولائی میں مجموعی طور پر 25 فیصد زائد بارشیں ہوئیں البتہ سندھ میں کم بارش ریکارڈ کی گئی، اگست کے مہینے میں معمول کے مطابق یا زیادہ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران نارووال میں 58 ملی میٹر، لاہور 27، قصور 15، مری 14، سیالکوٹ 7، جہلم 5جبکہ منگلا اور گجرات میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ مون سون بارشوں کا موجودہ اور پانچواں سلسلہ 31جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، اسی ضمن میں پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔