ماحول دوست توانائی کے منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہیں، مریم نواز

و زیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صاف، شفاف اور ماحول دوست توانائی کے منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ منصوبے سے نہ صرف بجلی کی پیداوار ممکن ہو گی بلکہ کچرا اور آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زیر صدارت ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ پر اجلاس ہوا ا جلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب میں پہلی بار جانوروں کی آلائشوں سے بائیوگیس کی پیداوار کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ لکھو ڈیر کے علاقے میں ایک ہزار میٹرک ٹن بائیوڈی گریڈیبل آلائشوں کو استعمال کر کے 20 سے 25 ہزار کلو گیس پیدا کی گئی، جس سے 60 سے 70 لاکھ روپے کی آمدن کی توقع کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے اس پائلٹ پراجیکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صاف، شفاف اور ماحول دوست توانائی کے منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

منصوبے سے نہ صرف بجلی کی پیداوار ممکن ہو گی بلکہ کچرا اور آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ 50 میگاواٹ کے ویسٹ انرجی پلانٹ کے ذریعے روزانہ تین ہزار ٹن کچر ا بجلی میں تبدیل کیا جا سکے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ دس سال میں لینڈ فل سائٹ سے حاصل شدہ گیس سے 2.5 ملین ڈالر، جبکہ ری سائیکلنگ پارک کے ماڈل سے سالانہ 190 ملین روپے آمدن متوقع ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ویسٹ ٹو ویلیو انکیوبیشن سینٹر کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز نوجوانوں کو سٹارٹ اپ، ریسرچ اور ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرے گا، جو معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔