پشاور:خیبر پختون خوا کے محکمہ لائیو اسٹاک سے متعلق آڈٹ رپورٹ میں 80 گاڑیاں غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق سرکاری گاڑیاں منصوبوں کے لیے خریدی گئی تھیں، 2007ء سے 2021ء تک لائیو اسٹاک پروجیکٹس کے لیے 200 سے زائد گاڑیاں خریدی گئی تھیں۔
دستاویز کے مطابق آڈٹ کے دوران 80 گاڑیوں کا ریکارڈ پیش نہ کیا جا سکا، محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ 80 سے زائد گاڑیاں ڈی جی لائیو اسٹاک کے نام رجسٹرڈ ہیں، رجسٹریشن کے باوجود غائب گاڑیاں فیلڈ یا دفاتر میں موجود نہیں۔
آڈٹ رپورٹ میں محکمہ لائیو اسٹاک کی گاڑیوں کا پتہ لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔صوبائی وزیرِ لائیو اسٹاک فضل حکیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ گاڑیوں کی ریکوری کے لیے لیٹرز جاری کر دیے گئے ہیں، سیکریٹری لائیو اسٹاک کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے۔