چکوال،بس بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری،9مسافر جاں بحق، 31زخمی

اسلام آباد سے لاہور جانے والی مسافر بس چکوال میں حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 9مسافر جاں بحق اور 31زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق مسافر بس کو حادثہ موٹر وے پر ڈھوک سیال کے قریب پیش آیا اور بس بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری۔

حادثے میں موقع پر 6افراد جاں بحق اور 31زخمی ہوئے، زخمیوں کو ٹراما سینٹر کلر کہار اور ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں مزید 3زخمی انتقال کر گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 9ہو گئی۔ڈپٹی کمشنر کا بتانا ہے کہ شدید زخمیوں کو ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔ریسیکو 1122 کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے 18 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو چکوال منتقل کر دیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ مسماتہ حبیبہ، 8 ماہ کا بچہ حیدر محسن، ایک سالہ نامعلوم بچہ، 26 سالہ ام حبیبہ محسن، 14 سالہ بچی خدیجہ خلیق، 2 سالہ بچی حرم خلیق، 45 سالہ سردار ندیم اور 38 سالہ منشا بیگم شامل ہیں۔معمولی زخمیوں کو موٹروے پولیس اور ریسیکو سروسز نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، امددادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی، حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ترجمان چکوال پولیس کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے، حادثے کا مقدمہ موٹرویپولیس کی مدعیت میں درج کیا جا رہا ہے۔