ت/اسلام آباد/ لاہور:گلگت بلتستان میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد10ہوگئی جبکہ ابتدائی تخمینوں کے مطابق پورے گلگت بلتستان میں15سے20ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق چلاس کی حدود میں مینار کے دریائے سندھ سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش ملی جو بابوسر میں بہنے والے سیاحوں میں سے کسی کی ہوسکتی ہے۔
ترجمان کے مطابق افواج پاکستان، انتظامیہ اور دیگراداروں کی جانب سے شاہراہ بابوسر پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ گانچھے میں بھی ریسکیو آپریشن اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، غذر اور گلگت کے متاثرہ علاقوں میں بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
فیض اللہ فراق نے کہا کہ فیری میڈوز میں پھنسے اکثر سیاحوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔شاہراہ ریشم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بحال ہے۔ترجمان کے مطابق صوبہ گرانٹ ان ایڈ پر چلتا ہے اتنی بڑی تباہی کاازالہ اکیلی صوبائی حکومت کیلئے مشکل ہے، وفاقی حکومت سیلابی تباہیوں کے ازالے کیلئے الگ معقول گرانٹ کا اعلان کرے۔
ادھرمحکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں مون سون کا نیا اسپیل شروع ہونے کی پیش گوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 28 سے 31 جولائی کے دوران اسلام آباد کے ساتھ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان میں 29 سے 31 جولائی جبکہ سندھ میں 30 سے 31 جولائی کے دوران بارشیں ہوں گی اس دوران کچھ علاقوں میں طوفانی بارشیں بھی ہو سکتی ہیں۔ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔
مختلف شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سیاح اور مسافر موسم کو دیکھ کر اپنے سفر کے پروگرام ترتیب دیں۔