پاکستان میں علاقائی ڈیفنس چیفس کانفرنس،امریکا سمیت 5ممالک شریک

راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سرحدوں پر خطرات، پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز میں باہمی فوجی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اسلام آباد میں علاقائی چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس کا انعقاد ہوا۔

کانفرنس کا عنوان ”روابط کی مضبوطی، امن کا تحفظ” تھا، جس میں امریکا، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان کی سینئر فوجی قیادت نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کانفرنس میں شرکت پر دفاعی وفود کا باضابطہ خیرمقدم کیا۔

فیلڈ مارشل نے خطے میں امن، استحکام اور تعمیری روابط کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے دور میں جہاں سرحدوں سے ماورا خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز درپیش ہیں، افواجِ کے درمیان گہرے تعاون،ا سٹریٹجک مکالمے اور باہمی اعتماد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر محفوظ اور خوشحال علاقائی ماحول کی تشکیل کیلئے پْرعزم ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تاریخی کثیرالطرفہ روابط علاقائی سلامتی تعاون، عسکری سفارت کاری میں اہم پیشرفت کانفرنس کا انعقاد شراکت دار ممالک کے درمیان اسٹریٹجک مکالمے کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

کانفرنس کا مقصد سیکورٹی تعاون کو مضبوط بنانا اور تربیتی اقدامات کو فروغ دینا تھا انسداد دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں بہترین طریقہ کار کے تبادلے کو ممکن بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کانفرنس میں اعلیٰ سطح کے مکالمے میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وسطی اور جنوبی ایشیا میں بدلتے ہوئے اسٹریٹجک ماحول پر بھی بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں مشترکہ تربیتی اقدامات، انسداد دہشت گردی تعاون کے امور بھی زیر غور آئے، ہنگامی حالات میں ہم آہنگ انسانی امدادی ردعمل کی ضرورت پر گفتگو کی گئی۔کانفرنس میں شریک وفود نے اجتماعی طور پر امن، باہمی احترام، قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ سیکورٹی خطرات، دہشت گردی، سائبر عدم تحفظ، انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کا عزم کیا۔

شرکا نے دفاعی سفارت کاری کو فروغ دینے میں پاکستان کی قیادت کو سراہا، کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اسٹریٹجک ہم آہنگی محفوظ، مربوط اور تعاون پر مبنی خطے کیلئے پاکستان کے دیرینہ عزم کی عکاسی ہے، پاکستان مشترکہ سلامتی مفادات اور علاقائی یکجہتی پر تعاون کا خواہاں ہے۔