اسرائیل بلوچ علیحدگی پسندوں کو استعمال کرنے لگا، الجزیرہ ٹی وی کا انکشاف

اسلام آباد :اسرائیل کی جانب سے بلوچ علیحدگی پسندوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق الجزیرہ ٹی وی پر صحافی نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل بلوچ علیحدگی پسندوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے، اسرائیلی و بھارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش بے نقاب ہوئی ہے۔ایران و پاکستان کے خلاف مڈل ایسٹ میڈیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ذریعے علیحدگی پسندوں کے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
واشنگٹن تھنک ٹینک کی ویب سائٹ پر اعلان کردہ بلوچستان اسٹڈیز پروجیکٹ اسرائیلی ایجنڈے کا حصہ ہیں، بلوچستان اسٹڈیز پروجیکٹ مڈل ایسٹ میڈیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا ہے۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق اسرائیلی حمایت یافتہ پروجیکٹ کا مقصد ایران کے جوہری عزائم اور پاکستان کو قابو میں رکھنا ہے، مڈل ایسٹ میڈیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے بلوچستان اسٹڈیز پروجیکٹ کی بنیاد اسرائیلی انٹیلیجنس افسر نے رکھی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علیحدگی پسند تنظیم کے جعلی ترجمان میر یار بلوچ کی اصلیت پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں، بلوچ تنظیموں نے بھی میریار بلوچ کو فرضی اور ایکس اکائونٹ جعلی قرار دے دیا ہے۔ فرضی میر یار بلوچ کی پوسٹ کو بھارتی اور اسرائیلی میڈیا اپنے مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے، پروجیکٹ میں جعلی دانشوروں کے ذریعے بلوچ علیحدگی پسندوں کو صیہونی ایجنڈے سے جوڑا جارہا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی سازش ہے بلوچ شدت پسند تنظیموں کو فلسطین اور کشمیریوں کی تحریک سے جوڑے۔