پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 5 اگست کو اسلام آباد نہیں جارہے ہر جگہ پرامن احتجاج ہوگا، سینیٹ انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کے تمام امیدوار عمران خان کے نامزد کردہ تھے، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائیاں ہمیں دبانے کی کوشش ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائیاں ہمیں دبانے کی کوشش ہے، ہمارے39 پارلیمنٹیرین پر تلوار لٹک رہی ہے، ہمارے 2 ایم این ایز اور سینیٹر کو سزا ہوچکی ہے۔ ابھی 4 اکتوبر کے کیسز رہتے ہیں، ہمارا ایک ہی مطالبہ تھا کہ جو بھی ملوث ہوں ان کے خلاف کارروائی کی جائے، صاف اور شفاف تحقیقات کرکے سزا دی جائے۔
مجھے امید ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ڈٹ کرکھڑی ہے اور مقابلہ کرے گی، مراد سعید کامیاب ہوچکے ہیں اب یہ ان کا فیصلہ ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں، سینیٹ انتخابات کے وقت وہاں موجود نہیں تھا مگر کوئی بھی ووٹ باہر نہیں نکالا تھا، اتنے پاپولر لیڈر اور ان کی فیملی کو اتنے لمبے عرصہ تک جیل میں نہیں رکھ سکتے۔