26 نومبر احتجاج،علوی،گنڈاپور،عمرایوب سمیت10ملزمان کے وارنٹ جاری

راولپنڈی:راولپنڈی کی انسداد دہشت گری عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے 3 مقدمات میں عدم گرفتار ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور سابق صدر عارف علوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور سمیت 10 ملزمان کوگرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی گئی، درخواست میں ملزمان کے خلاف درج مقدمات کی جلد سماعت مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے پراسیکیوشن ٹیم کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست 25 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر کردی جبکہ عدالتی عملے کی جانب سے ملزمان اور ان کے وکلا کو نوٹسز جاری کر دیے گئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق صدر عارف علوی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، شاہد خٹک ، خالد خورشید، عمر ایوب، شہریار ریاض، اسد قیصر، فیصل امین، حماد اظہر اور دیگرکے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ۔

دوسری جانب ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس آج سے چھاپے مارنا شروع کرے گی۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف تھانہ صادق آباد، تھانہ واہ کینٹ اور تھانہ نصیر آباد میں مقدمات درج ہیں، پی ٹی آئی رہنمائوں پر توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی، کار سرکار میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں پر حملے کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج 7 اگست تک چھٹیوں پر تھے، جن کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں 26 نومبر احتجاج کے مقدمات کے ٹرائل کیلئے طلب کرلیا گیا ہے۔ عدالت نے 26 نومبر کیسوں کا ہفتہ میں تین سے چار روز ٹرائل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان مقدمات میں علیمہ خان ،بانی چیئرمین پی ٹی آئی ملزمان نامزد ہیں جن کے خلاف چالان تاحال پیش نہیں ہوئے ہیں۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی خلاف چالان پیش ہونے پر تینوں کیسز کا ٹرائل جیل میں ہوگا، بانی چیئرمین کیخلاف چالان پیش نا کئے جانے پر ٹرائل کچہری عدالت میںہوگا۔

ادھراسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ عدالت نے عمران اسماعیل کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور شریک ملزمان کے خلاف پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، عمران اسماعیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن نے پولیس کو حکم دیاکہ عمران اسماعیل کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

سابق گورنر سندھ کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں توڑ پھوڑ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔عمران اسماعیل کے خلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت آج ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد میں ہوگی، کیس سے سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور رہنما زرتاج گل و دیگر پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔