پی ٹی آئی کا 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان

لاہور : پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر احتجاج کے پہلے مرحلے میں لاہورمیں جلسہ کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے 5 اگست کو لاہور کے تاریخی مقام مینار پاکستان پر بڑے سیاسی جلسے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو جلسے کی اجازت کے لیے باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جلسے کا مقصد پارٹی کے بانی کی رہائی کے لیے عوامی رائے کو اجاگر کرنا ہے۔
شیخ امتیاز نے درخواست میں کہا ہے کہ اگر مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت ممکن نہ ہو تو کسی متبادل مقام پر اجتماع کی اجازت دی جائے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 5 اگست کو شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک پارٹی قیادت اور صوبائی اسمبلی کے ارکان کی شرکت کے ساتھ جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ پرامن ہوگا اور جمہوری تقاضوں کے مطابق عوامی رائے کے اظہار کا ذریعہ ہوگا۔آن لائن کوذرائع نے بتایاہے کہ اس جلسے کی اجازت اور کامیابی کے بعدپنجاب کے دیگرشہروں میں بھی سیاسی اجتماعات کیے جائیں گے۔ اس کے لیے ابتدائی طورپر 9شہروں کاانتخاب کیاگیاہے جن میں ملتان،بہاولپور،سیالکوٹ،سرگودھا،میانوالی اور دیگرشہرشامل ہیں۔