راولپنڈی، باپ بیٹی کار سمیت برساتی نالے میں بہہ گئے

راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 2 افراد برساتے نالے میں بہہ گئے۔پنجاب میں مون سون کی شدید بارشیں جاری ہیں جہاں ندی نالوں میں شدید طغیانی ہے جس کی ویڈیوز بھی سامنے آرہی ہیں۔منگل کو راولپنڈی میں شدید بارش ہوئی جہاں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 5 میں کار میں سوار باپ بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے، گاڑی سمیت نالے میں بہہ جانے والے باپ بیٹی مدد کے لیے پکارتے رہے۔

کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی لیکن پانی کابہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں افراد کار سمیت پانی میں بہہ گئے۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ برساتی نالے میں بہہ جانے والے کار سوار شخص کی شناخت ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی کے نام سے ہوئی جو اپنی بیٹی کے ہمرا کار میں سوار تھے۔

اسحاق قاضی گھر سے بیٹی کے ہمراہ سرمئی رنگ کی کار میں نکلے جہاں قریبی سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث گاڑی بند ہوگئی، اسحاق قاضی گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے تو پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث دونوں باپ بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے جس کے بعد پولیس، ہاؤسنگ سوسائٹی کا عملہ ، ریسکیو 1122 اور غوطہ خور ٹیم نے دونوں کی تلاش شروع کردی ہے۔