لاہور: قائم مقام اسپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن کے 26معطل اراکین بحال کردیے۔پنجاب اسمبلی میں قائم مقام اسپیکر پنجاب اسمبلی میں ظہیر اقبال چنڑ کے زیر صدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیرخزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی بھی خواہش ہے اور آپ سے درخواست ہے کہ نمائندگان منتخب ہوکر اسمبلی میں آئیں انہیں ایوان میں اجازت دی جائے تاکہ حلقوں کی نمائندگی کریں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اپوزیشن کے بغیر رونق نہیں ہے، معطل چھبیس ارکان کی بحالی کی جائے تاکہ وہ اپنے حلقوں کی نمائندگی آزادانہ کرسکیں، اپوزیشن کے بغیر مجھے بھی مزا نہیں آرہا۔
وزیر خزانہ کی گفتگو کے بعد ظہیر اقبال چنڑ نے کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان کی بحالی پر اچھا پیغام جائے گا فوری طورپر چھبیس ارکان کو بحال کرنے کا حکم دیتا ہوں، انہوں نے فوری نوٹیفکیشن جاری کرکے اپوزیشن ارکان کو ایوان میں لانے کی ہدایت کردی۔
بعدازاں اپوزیشن اراکین ایوان میں آئے اور حکومتی اراکین نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جناب اسپیکر ہم اپوزیشن اراکین کو ویلکم کرتے ہیں اور ہمیں بہت خوشی ہے کہ آپ ایوان میں آئے ہیں۔
پینل آف چیئرپرسن علی رضا نے بھی اپوزیشن اراکین کو خوش آمدید کہا۔چیف وہپ رانا محمد ارشد نے نقطہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی وہ ختم نہیں ہوا، سینیٹ الیکشن میں جیت جمہوریت کی ہوئی ہے، حافظ عبد الکریم منتخب ہوکر عوام کے مسائل ایوان بالا میں حل کریں گے۔