قلات میں فورسز کی کارروائی،فتنة الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ/بنوں: سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے قلات میں کامیاب آپریشن کر کے فتنة الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید کلیئرنس اور سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران مزید چار دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور ایک ٹھکانے کو تباہ کیا گیا۔یہاں سے بھی کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

بلوچستان میں دشمن کے ایجنٹوں کے خلاف جاری کارروائیاں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ ملک کا ہر انچ دشمن عناصر کے ناپاک عزائم سے محفوظ رکھا جائے گا۔

ادھرصدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قلات میںفورسز کو فتنة الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کے خاتمے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکورٹی فورسز نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے ملک دشمن عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گرد امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ قوم متحد ہے، دہشت گردی کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور اْن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پرفورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، فورسز نے بروقت کارروائی کرکے انڈین اسپانسرڈ دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ قوم فتنة الہندوستان کے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس کی چوکی مزانگہ اور چوکی شیخ لنڈک پر فتنةالخوارج کے حملوں کو پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پسپا کردیا،آئی جی پولیس ذوالفقار حمید اور آر پی او بنوں سجاد خان نے پولیس اہلکاروں کو بروقت کارروائی پر شاباش دی اور انعامات کا اعلان کیا۔

گزشتہ شب تھانہ ہوید بنوں کی حدود میں دو پولیس چیک پوسٹوں شیخ لنڈک پر ڈرون اور مزانگہ پر خوارج نے چھوٹے و بڑے جدید ہتھیاروں سے حملے کیے، حملے میں پولیس کی تھرمل کیمرہ ٹیکنالوجی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت، دلیری اور ہوشیاری سے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملوں کو پسپا کر دیا۔

بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے جب کہ حملے میں چوکی کی عمارت پولیس تنصیبات اور نفری محفوظ رہی۔پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ فرار ہونے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔