کوئٹہ کے نواحی علاقے دشت میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، دہشت گردوں کے قبضے سے گولہ بارود اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا، ترجمان کے مطابق ملزمان بچے مصور کاکڑ کے قتل سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔
آپریشن کے دوران ایک گرفتار ملزم، جو کمسن مقتول مصور کاکڑ کے قتل میں ملوث تھا، کو اس کے ساتھیوں کی نشاندہی کے لیے ساتھ لایا گیا تھا، جیسے ہی ٹیم نے دشت میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا، ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی جوابی کارروائی میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھرپور مقابلہ کیا۔
ترجمان کے مطابق، فائرنگ کے تبادلے میں گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے 2 ساتھی بھی مارے گئے۔ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ تینوں دہشت گرد مختلف دہشت گردی کی وارداتوں، قتل، اقدامِ قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔