کینجھر جھیل جانے والی پکنک بس حادثے کا شکار، 6 افراد جاں بحق،20 زخمی

پکنک کیلئے کینجھر جھیل جانے والی بس کو گھارو کے قریب حادثے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 20زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہفتے اوراتوار کی درمیانی شب کراچی سے پکنک منانے کے لیے کینجھر جھیل جانے والی بس ٹھٹھہ بائی پاس پرحادثے کا شکارہوگئی، افسوسناک واقعے میں 6 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام نوجوان اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کے رہائشی تھے، جاں بحق افراد میں اسد ولد نور، عبدالرؤف ولد رحمت علی، بشر خان ولد فرید، ارباب ولد صفدر حسین، محمد ابرار ولد محمد انوار اور احسان اللہ شامل ہیں۔حادثے میں جاں بحق اسد اورعبدالرؤف آپس میں کزن اوراورنگی ٹاؤن نمبر 12 کے رہائشی تھے۔

متوفی اسد کے بہنوئی عارف نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریبا ڈھائی بجے کے قریب 40 سے 45 افراد پکنک پر کینجھرجھیل جانے کے لیے بس میں روانہ ہوئے تھے، صبح پانچ بچے کے قریب حادثے کی اطلاع ملی کہ بس کھائی میں جا گری ہے جس کے نتیجے میں ان کے سالے اور کزن سمیت 6 افراد جاں بحق اور 20 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ادھرشہرقائد میں ایک اوردل خراش ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے ڈیفنس کورنگی روڈ تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار 2 کم عمر لڑکوں کا کچل دیا، مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگادی۔حادثے کے نتیجے میں دونوں کم عمر لڑکے موقع پر جاں بحق ہو گئے جن کی لاشیں فوری طور پرجناح اسپتال منتقل کردی گئی۔دلخراش ٹریفک حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع پر فرار ہوگیا جبکہ جائے حادثہ پر موجود مشتعل شہریوں کو واٹر ٹینکر کوآگ لگادی۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے واٹر ٹینکر کو آگ لگانے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔ ایس ایچ او ڈیفنس حکم داد نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے کم عمرلڑکوں کی شناخت 12 سالہ توصیف شاہ ولد افضل شاہ اور15 سالہ ایان شاہ افضل شاہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔جاں بحق ہونے والے دونوں بچے سگے بھائی تھے اور کورنگی ڈھائی کے رہائشی تھے۔