راولپنڈی/وانا:سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 8 کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 تا 20 جولائی کے دوران ملاکنڈ میں سیکورٹی فورسز، پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک کامیاب مشترکہ آپریشن کیا۔
یہ کارروائی بھارتی ایجنسی کی پشت پناہی سے چلنے والی دہشتگرد تنظیم ”فتنہ الخوارج” کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی اور آپریشن چار روز تک جاری رہا جس کے دوران فورسز نے مہارت کے ساتھ علاقے کا گھیراؤ کر کے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 خوارج واصل جہنم کر دیے گئے جبکہ 8 کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔آپریشن کے دوران خوارج کے زیرِ استعمال دو ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کے عوام نے اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے ریاستی انسداد دہشتگردی کی کوششوں سے مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ہے جبکہ مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قوم کے ساتھ مل کر ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں۔
ادھربلوچستان میں ضلع قلات میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔
سیکورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 بھارتی اسپانسر شدہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں اتوار کے روز گشت کے دوران دو الگ الگ واقعات میں دو تھانوں کے سات پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔اپر ساؤتھ وزیرستان کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ارشد خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا ہونے والے اہلکاروں کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ڈی پی او ارشد خان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ سات پولیس اہلکار گشت پر تھے جب نامعلوم افراد انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔انہوں نے بتایا کہ لدھا تھانے کی حدود میں گشت کے دوران تین پولیس اہلکار انصاف، عابد اور اسماعیل لاپتا ہوئے۔
ایک اور الگ مگر اسی نوعیت کے واقعے میں چار پولیس اہلکار ٹانگہ چگملئی جو سروکئی تھانے کی حدود میں آتا ہے سے لاپتہ ہوئے ان میں سب انسپکٹر عبد الخالق اور کانسٹیبلز عرفان اللہ، حبیب اللہ اور عمران شامل ہیں۔