یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے ملازمین کی رضاکارانہ علیحدگی اسکیم پر عملدرآمد کیلئے وزارت خزانہ سے 29 ارب روپے مانگ لئے جبکہ وزارت خزانہ نے پیکیج میں ڈیلی ویجز اور عارضی ملازمین کو شامل کرنے پر اعتراض کردیا۔
دستاویز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کے ڈیلی ویجزاورعارضی ملازمین کی تعداد 6204 ہے، مستقل ملازمین کو شامل کرکے مجموعی تعداد 11 ہزار 421 بن جاتی ہے، 5217 مستقل ملازمین کو ادائیگیوں کیلئے 22 ارب 84 کروڑ روپے درکار ہوں گے۔ عارضی اور ڈیلی ویجرز ملازمین کو 6 ارب 33 کروڑ روپے دینے پڑیں گے۔
وزارت خزانہ نے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجرز ملازمین کو پیکیج دینے سے انکار کردیا۔وزارت خزانہ نے پیکیج میں ڈیلی ویجز اور عارضی ملازمین کو شامل کرنے پر اعتراض کردیا۔پیکیج دوبارہ تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ نظرثانی شدہ پیکیج آئندہ ہفتے وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری وزارت صنعت کی سربراہی میں کمیٹی نظرثانی پیکج تیار کرے گی، یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کیلئے نظرثانی شدہ پیکیج آئندہ ہفتے وزیراعظم کو بھیجا جائے گا۔