پی ٹی آئی میں کھینچا تانی، بیرسٹر سیف کی استعفے کی دھمکی

اسلام آباد : سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹوں پر بیرسٹر سیف کی استعفے کی دھمکی دے دی اور کہا عہدہ چھوڑ دوں گا بانی سے بے وفائی نہیں کروں گا۔
سینیٹ کے الیکشن کی ٹکٹوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں کھینچا تانی جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹرسیف بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پرمن وعن عمل کے حامی ہیں ، بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر سیف کو 6 ناموں کے اعلان کی ہدایت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین نے بیرسٹر سیف کو ناموں کے اعلان سے روکنے کی کوشش کی اور علیمہ خانم ،علی امین نے مشاورت کے نام پر بیرسٹر سیف پر دباؤ ڈالا۔ذرائع کے مطابق بیرسٹرسیف نے کہا عہدہ چھوڑدوں گا بانی سے بے وفائی نہیں کروں گا، بانی آپ سب کی لڑائیوں ،میڈیا میں تنقیدسے بیزارہیں۔
علیمہ خانم نے کہا یہ جملہ لکھ کر دیں تو میں میڈیا کو بتاؤں ، جس پر بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ میں کسی کامنشی نہیں، یہ کام کسی اورسے کرالیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سیف کی استعفے کی دھمکی پر بانی کے بتائے 6 ناموں میں ردوبدل نہیں کیاگیا، علی امین اور علیمہ خانم مشعال یوسفزئی اور ایک اور نام کو لسٹ سے نکالنا چاہتے ہیں۔