ڈی آئی خان : 2 گروپوں میں جھڑپ ،فائرنگ سے 6 افراد قتل

ڈی آئی خان : خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دو گروپوں کے درمیان جھڑپ میں چھ افراد قتل ہوگئے، فائرنگ کا واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں پیش آیا، واقعہ رشتہ داروں کے درمیان پرانے تنازع کی وجہ سے پیش آیا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دو گروپوں میں تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے واقعہ رشتہ داروں کے درمیان پرانے تنازع کی وجہ سے پیش آیا، جس کے نتیجے میں وانڈہ بیرون میں دونوں اطراف سے فائرنگ ہوئی تاہم لاشوں اورزخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
فریقین قریبی رشتے دار تھے جن کے درمیان باغ کی اراضی پر تنازع چل رہا تھا، جھڑپ کے دوران جاں بحق ہونے والوں میں ایک گروپ سے نقیب اللہ، شفیع اللہ ، نجیب اللہ ، جلال جبکہ دوسرے گروپ سے نوید اور جہانزیب جاں بحق ہوئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔