کلائوڈ برسٹ سے غیرمعمولی صورتحال کا سامنا،ملکر مقابلہ کرنا ہوگا،وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر اسلام آباد کا دورہ کیا اور حالیہ مون سون شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پروزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران این ڈی ایم اے کا دوسرا وزٹ کر رہا ہوں، حالیہ دنوں میں چکوال، لاہور اور پہاڑی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ ہواجس کے باعث غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، آئندہ بھی کلاوڈ برسٹ کا اندیشہ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی جا رہی ہے اس سلسلے میں ہمیں ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے خود کو تیار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے وفاق اور صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط پلان بنائے، وفاقی حکومت قومی ادارے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا اس سال کے تجربے کو مدنظر رکھ کر کے آئندہ سالوں کی تیاری کریں، مون سون کے آئندہ سیزن کے لیے منصوبہ بندی کر کے نقصانات کو کم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ مون سون سیزن کے دوران پنجاب میں بے پناہ بارشیں ہوئیں۔

حکومتِ پنجاب نے مریم نواز شریف کی قیادت میں ان حالات کا شاندار مقابلہ کیا، باقی صوبوں نے بھی بہترین کام کیا ہے، جس کی وجہ سے کم نقصانات ہوئے لیکن جو جانیں حالیہ مون سون سیزن کے دوران ضائع ہوئیں، ان کے لیے دعائے مغفرت کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ لوگوں میں شعوراجاگر کرنے کے لیے وفاق، صوبوں اور این ڈی ایم اے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلیوں کے پیدا ہونے میں کوئی کردار نہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارا ملک ان کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 30 سے 40 فیصد بارشیں زیادہ ہوئیں، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہے ہیں، آئندہ 7 روز میں آزاد کشمیر، پنجاب میں بارشوں کا امکان ہے۔چیئرمین پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔