انصاف کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں ، انسانیت کااجتماعی فرض ہے، چیف جسٹس

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف کسی ایک فرد یا ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ انصاف انسانیت کا اجتماعی فرض ہے۔عالمی یوم انصاف پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن عدل، مساوات اور قانون کی حکمرانی کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، انصاف کی حد سرحدوں سے ماورا ہے جو امن اور انسانی حقوق کی بنیاد ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ دنیا کے مسائل کا واحد حل قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی ہے، دہشت گردی، انسانی اسمگلنگ، ماحولیاتی بحران جیسے مسائل کا حل عدالتی نظام ہے، پاکستانی عدلیہ عالمی انصاف کی کوششوں کے ساتھ کھڑی ہے۔چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات اور محروم طبقے کی آواز بننا ہماری اولین ترجیح ہے۔

ادھرچیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وکلا اور بار کے مسائل سنے۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری کے دورے کے موقع پر بار کونسلز کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔

اس موقع پر جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شکیل احمد بھی چیف جسٹس کے ہمراہ تھے۔چیف جسٹس نے اس موقع پر وکلا اور بار نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سننے کے ساتھ ساتھ تجاویز پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔