کراچی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں رہائشی عمارت کی چھٹی اور پانچویں منزل کی چھت گرنے سے دو خواتین جاں بحق اور تین زخمی ہوگئیں، انتظامیہ نے بقیہ مکینوں کو نکال کر عمارت سیل کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے اور پولیس فوراً پہنچ گئی اور جائے وقوع سے لوگوں کو ہٹاکر امدادی کام شروع کردیا۔
رہائشی عمارت کی چھٹی منزل پانچویں اور پانچویں منزل چھٹی پر گری ہے، واقعے میں دو خواتین جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں جبکہ تین خواتین زخمی ہیں، جاں بحق ایک خاتون کی شناخت 45 سالہ حرمت رفیق کے نام سے ہوئی جبکہ دوسری کی شناخت کا عمل جاری ہے، زخمیوں میں 40 سالہ سکینہ ،18 سالہ حاجرہ اور 22 سالہ جویریہ شامل ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق بلال مسجد پشاوری ہوٹل کے ساتھ غنی مینشن کی چھ منزلہ بلڈنگ کا 6 فلور پانچویں منزل پر گرا، پولیس موقع پر موجود ہے اور امدادی کام جاری ہے، دو خواتین کی لاشوں اور تین زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جاں بحق خواتین آپس میں بہنیں ہیں، زخمیوں میں ان کی بچیاں شامل ہیں جن کو طبی امداد دی جارہی ہے۔انتظامیہ نے عمارت کی بقیہ منزلوں پر رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر نکال کر عمارت سیل کردی۔
اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن کیماڑی ندیم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لیاری میں 107 مخدوش عمارتیں ہیں، ہم اس پر کام کررہے ہیں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے مکمل جانچ کرکے ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے، 15 روز میں ڈیٹا مکمل ہوجانے کے بعد سندھ حکومت ایک جامع پالیسی بنائے گی یہ چھٹا فلور گرا ہے جہاں عمارت کا مرمتی کام کیا جارہا تھا اور مرمت کام کے دوران چھت گری ہے جس میں جانی نقصان ہوا۔