پشاور:سینیٹ الیکشن میں خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بلامقابلہ فارمولے پر اتفاق ہوگیا۔دونوں اطراف کے ارکان کے نام بھی سامنے آگئے۔اپوزیشن رہنما کے مطابق گیارہ نشستوں میں سے حکومت کو 6 اور اپوزیشن کو 5نشستیں ملیں گی۔
جنرل کی 7 نشستوں پر حکومت کے حصے میں چار اور اپوزیشن کے حصے میں 3نشستیں آئیں گی، ایک ایک ٹیکنوکریٹ نشست حکومت اور اپوزیشن، ایک ایک خاتون نشست حکومت اور اپوزیشن کو ملے گی۔
خیبرپختون خوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہمارے فارمولے سے اتفاق کرلیا ہے، کچھ ایشوز تھے وہ بھی دور ہوگئے ہیں،جلدمعاہدہ سامنے آجائے گا، ہم چاہتے ہیں صوبے سے مثبت پیغام جائے۔
دریں اثنا اپوزیشن اور حکومت کے درمیان فارمولہ طے پانے کے بعد امیدواروں کے نام سامنے آگئے، جنرل نشستوں پر حکومت کے امیدوار مراد سعید، فیصل جاوید، مزرا آفریدی اور پیرنورالحق قادری کامیاب ہو جائیں گے۔
اسی طرح اپوزیشن کے امیدواروں میں مولانا عطا الحق درویش، طلحہ محمود اور نیاز محمد شامل ہیں جو کہ کامیاب ہوجائیں گے جب کہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر حکومت کے اعظم سواتی اور اپوزیشن کے دلاور خان کامیاب ہو جائیں گے۔
اسی طرح خواتین کی نشست پر حکومت کی امیدوار روبینہ ناز اور اپوزیشن کی امیدوار روبینہ خالد کامیابی حاصل کرلیں گی۔دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی میں اقلیتی نشست کے معاملے پر ٹاس کی جگہ مسلم لیگ ن اور جے یو آئی میں افہام و تفہیم سے فیصلہ ہوگیا۔
فیصلہ وزیراعظم ، مولانافضل الرحمان اور دونوں پارٹیوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن ٹاس سے دستبردار ہوگئی اور نشست جے یو آئی کو مل گئی۔
ن لیگ کے رہنما امیرمقام کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی بڑی پارٹی ہوتے ہوئے بلامقابلہ انتخابات کے لیے قربانی دے رہے ہیں، قربانی کا مقصد یہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں خرید وفروخت کا الزام ختم ہوجائے۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ پارٹی کے بڑوں نے بات چیت کی، فیصلہ ہوا مسلم لیگ ن اقلیت کی نشست سے دستبردار ہوگی، ہم چاہتے ہیں مشاورت سے سینیٹ کی سیٹیں ملیں۔
دریں اثناء خیبر پختون خوا اسمبلی کی خاتون کی مخصوص نشست پر ٹاس اے این پی نے جیت لیا،ایک اور سیٹ ملنے پر اے این پی کے اراکین کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔
خاتون کی مخصوص نشست پر اے این پی اور پی ٹی آئی پی کے درمیان ٹاس کیا گیا جو کہ الیکشن کمیشن میں ہوا، ٹاس کے موقع پر دونوں پارٹیوں کے عمائدین موجود تھے ، ٹاس جیتنے سے اے این پی کے اراکین کی تعداد چار ہو گئی ہے جبکہ شاہدہ وحید رکن خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہو گئی ہیں۔