کوہستان کرپشن اسکینڈل: پی پی کا علی امین سے استعفے کا مطالبہ

اسلام آباد :کوہستان کرپشن اسکینڈل پر پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
کوہستان کرپشن اسیکنڈل پر پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئربخاری نے شفاف تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ کے پی کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ شفاف تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ فوری استعفیٰ دیں، یہ ہے تبدیلی کہ خیبرپختونخوا کوکرپشن کا گڑھ بنا دیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سرکاری وسائل سے ذاتی تجوریاں بھرنے والوں کا احتساب بھی ہوگا اور حساب بھی ، صوبائی حکومت کی خیبرپختونخوا کے خزانے پر لگاتار ڈکیتیاں سوالیہ نشان ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے ٹیکس پرمشتمل صوبائی خزانے کو ہڑپ کرنیوالے ناقابل معافی ہیں، صوبائی خزانے کے خائنوں کو ایک ایک پائی وصولی کیلئے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
رہنما پی پی نے مزید کہا کہ بلین ٹری ، بی آر ٹی مالم جبہ اسکینڈلز میں ریکارڈ کرپشن کیخلاف کارروائی نہیں کی گئی، کے پی میں حکومتی اور پی ٹی آئی عہدیداران ایک دوسرے پرکرپشن الزامات لگاتے ہیں۔