اسلام آباد:پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد عوام کے لئے ایک اور بڑی خبر آگئی ، حکومت نے پیٹرول پر تیل کی ترسیل کا مارجن 1 روپے 93 پیسے بڑھا دیا۔حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر مارجن بڑھا کر عوام کو ریلیف سے محروم کردیا۔
پیٹرول پر تیل کی ترسیل کا مارجن 1 روپے 93 پیسے بڑھا دیا گیا جبکہ فریٹ مارجن 6 روپے 96 پیسے سے بڑھا کر 8 روپے 89 پیسے فی لیٹر کردیا ہے۔دستاویز میں بتایا گیا کہ ڈیزل پرترسیل کا مارجن 3 روپے 95 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا ہے اور فریٹ مارجن 2روپے 9 پیسے سے بڑھا کر 6 روپے 4 پیسے فی لیٹر کردیا گیا ہے۔
دستاویز میں کہاگیا ہے کہ پیٹرول پر ٹیکسز ڈیوٹیز مارجن کی عوام سے 103.42 فی لیٹر اور ڈیزل پر ٹیکسزڈیوٹیز مارجن کی مدمیں 99 روپے 69 پیسے فی لیٹر وصول کئے جارہے ہیں۔
دستاویز کے مطابق پیٹرول ڈیزل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی اڑھائی روپے فی لیٹر عائد ہے جبکہ پیٹرول پر لیوی 75 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہے اور فریٹ مارجن 8 روپے 89 پیسے ڈسٹری بیوٹرز مارجن 7 روپے 87 پیسے فی لیٹر ہے۔پیٹرول پر عوام سے ڈیلرز مارجن کی مد میں 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر وصول کئے جارہے ہیں جبکہ پیٹرول پر سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے۔
ڈیزل پر74 روپے 51 پیسے فی لیٹر لیوی وصول کی جارہی ہے جبکہ ڈیزل پر فریٹ مارجن 6 روپے 4 پیسے ڈسٹری بیوٹرز مارجن 7 روپے 87 پیسے فی لیٹر ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہے اور ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے۔
ادھرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے بھی کرایہ بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔گزشتہ شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں اور اس کے نتیجے میں مہنگائی کا ایک اور طوفان آنے اور غریبوں کا بجٹ درہم برہم ہونے کا قوی امکان ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے بھی 10 فیصد کرایہ بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے رات کی تاریکی میں عوام پر پیٹرول بم گرانے کی شدید مذمت بھی کی ۔
اس سے قبل صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹ تنظیموں کا اجلاس بھی طلب کیا اور کہا کہ حکومت اپنے اقدامات سے ملک گیر ہڑتال پر مجبور کر رہی ہے۔
انہوں نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں مختلف قسم کے ٹیکسز میں اضافے کو عوام اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیزل پر 11 روپے 37 پیسے اور پیٹرول کی قیمت 5 روپے 36 پیسے اضافہ ناقابل برداشت ہے۔
حکومت نے ایک دفعہ پھر ٹرانسپورٹرز اور عوام کی جیبوں پر ڈاکا مار دیا ہے۔ملک شہزاد اعوان نے ٹول ٹیکس، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور ایف بی آر کے نئے قوانین کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے کیونکہ اس کی پالیسیاں عوام دشمن اور کاروبار دشمن ہیں۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرزتنظیمیں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں سمیت ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس میں اضافے کے خلاف حرکت میں آگئی ہیں۔
حکومت کے خلاف پورے پاکستان کی ٹرانسپورٹ تنظیموں کو ایک پیج پر لارہا ہوں اور ٹرانسپورٹ برادری سخت اقدامات بشمول ملک گیر ہڑتال کرنے کو تیارہے۔
مسافر بسوں کے کرایوں میں بھی50 سے200 روپے تک اضافہ کردیا گیا ہے۔لاہور سے بھکر اور چکوال تک کرایہ 50 روپے بڑھا دیا گیا۔۔لاہور سے ڈیرہ اسماعیل خان کا کرایہ 2200 سے بڑھا کر 2300 روپے کردیاگیا ہے۔