وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے ایس سی او اجلاس کی کامیاب میزبانی پر چینی ہم منصب کو مبارکباد دی اور چین کی قیادت کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری ، کثیرالملکی تعاون، اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبہ جات پر گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں جاری قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور چین کے تعلقات نئے اقتصادی امکانات، خطے میں امن و ترقی اور سفارتی تعاون کے تناظر میں مزید اہمیت اختیار کر رہے ہیں۔