پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے مالی بحران سے نمٹنے اور غیر ضروری اخراجات پر قابو پانے کیلئے کفایت شعاری کی پالیسی کا اعلان کردیا۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔خیبرپختونخوا حکومت کے اعلامیے کے مطابق سرکاری خرچ پر بیرونِ ملک ورکشاپس، تربیتی پروگراموں، سیمینارز، ہوٹل ورکشاپس اور علاج معالجے پر مکمل پابندی عاید کردی گئی ہے، تمام سرکاری اخراجات صرف جاری شدہ فنڈز کے دائرہ کار میں کیے جا سکیں گے، جبکہ اضافی ادائیگیوں یا نئی مالی ذمہ داریوں پر مکمل پابندی ہوگی۔
محکمہ خزانہ نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹس میں رکھی گئی رقوم فوری طور پر اکاؤنٹ ون میں منتقل کریں اور کسی بھی صورت میں نجی یا الگ اکاؤنٹ میں رقم رکھنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران مرمت شدہ عمارتوں یا سڑکوں پر دوبارہ فنڈز کا استعمال نہیں کیا جاسکے گا، صرف ضروری گاڑیوں جیسے ایمبولینس، فائر بریگیڈ، ٹریکٹرز، مسافر بسیں، ریسکیو گاڑیاں، کشتیاں اور قیدیوں کی گاڑیوں کی خریداری کی اجازت ہوگی جبکہ دیگر تمام گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عاید کردی گئی ہے۔
