اسلام آباد : ملک بھر میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے اموات کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 26 جون تا 12 جولائی مختلف علاقوں میں 104 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 49 بچے،37 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران 200 افراد مختلف واقعات میں زخمی بھی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں 78 مرد،76 بچے اور 46 خواتین شامل ہیں۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بارش اورسیلاب سے 10.5 کلومیٹر سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا، 9 پل بھی مون سون کی بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے۔ بارشوں سے 135 گھر مکمل تباہ،278 کو جزوی نقصان پہنچا 111 مویشی بھی جان سے گئے۔
دوسری جانب مون سون کے ایک اور طاقتور اسپیل کے زیراثر آج سے ملک کے اکثرمقامات پر گرج چمک کے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔آج سے 17 جولائی تک اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور مشرقی بلوچستان میں بادل برسیں گے۔
پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے باعث ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔این ڈی ایم اے نے 13 سے 17 جولائی تک شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بیشتر شہروں میں 13 سے 17 جولائی تک شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔ پہاڑی برساتی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
