تربیلہ ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث اسپل ویز تیسری بار کھول دیے گئے، مساجد میں مقامی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے اعلانات کیے گئے جبکہ پی ڈی ایم اے نے اسپیل وے کے راستے میں موجود آبادی اور سیاحوں کو دریائے سندھ سے دور رہنے اور آبی گزرگاہوں میں نہانے سے گریز کرنے کی ہدایت کردی۔
اسپل وے سے پانی کے اخراج کے لیے 14 فٹ گیٹ کھولے گئے۔تربیلہ ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 526 اعشاریہ 08 فٹ ہے، پانی کی آمد 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 50 ہزار سے 2 لاکھ 60 ہزار کیوسک ہے۔پی ڈی ایم اے نے ڈی سی ہری پور، صوابی اور نوشہرہ کو مراسلہ ارسال کر دیا۔
ڈی سی ہری پور نے اسپیل وے کے راستے میں موجود آبادی اور سیاحوں کو دریائے سندھ سے دور رہنے اور آبی گزرگاہوں میں نہانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں اور ماہی گیر مویشیوں کو سپیل وے کے راستے سے دور رکھیں۔