محرم کی تعطیلات کے دوران فریئر ہال کے احاطے سے جنگ عظیم کی یادگار اور نایاب شیلڈز سمیت دیگر قیمتی اشیا چوری کر لی گئیں ۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ پارک کی مدعیت میں تھانہ آرٹلری میدان میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مدعی مقدمے نے بتایا کہ محرم کی تعطیلات کے دوران آفس بند تھا، تعطیلات کے بعد آفس کھولاتوڈی جی آفس کی عقبی کھڑکی ٹوٹی ہوئی تھی۔مدعی کا کہنا تھا کہ آفس سے جنگ عظیم کی یادگاراور نایاب 5شیلڈز غائب تھیں جبکہ کیبل، کاپر، ڈی وی ڈی پلیئر، ایک عدد اسپیکراور دیگر اشیا بھی غائب تھیں۔
شکایت کنندہ کے بیان کے مطابق نامعلوم شخص تمام اشیا چوری کرکے لے گیا، چوری شدہ اشیا کو آزادانہ طور پر تلاش کرنے کی کوششوں کے باوجود ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔کراچی میں حکام اب اس کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں، جس نے عوامی دفاتر میں تاریخی نوادرات کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے فریئر ہال کراچی کے نوآبادیاتی دور کے اہم ترین مقامات میں سے ایک ہے، جسے 1865ء میں برطانوی دور حکومت میں انڈو گوتھک طرز تعمیر میں بنایا گیا تھا۔