کراچی میں غیر قانونی زیر تعمیر عمارتوں کو فوری گرانے کا فیصلہ

کراچی کے علاقے لیاری میں عمارت گرنے کے معاملے پر افسران و اہلکاروں کی گرفتاریوں کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)نے غیر قانونی عمارتوں کے خلاف بڑا ایکشن لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا شہر بھر میں غیر قانونی زیر تعمیر عمارتوں کو فوری گرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

عمارتیں مالکان کے خرچے پر گرائی جائیں گی اور عدم ادائیگی پر ٹیکس کی مدمیں وصولی ہوگی۔انہدامی کارروائی گنجان آباد علاقوں سے شروع ہوگی، جس میں ضلعی انتظامیہ سے معاونت لی جائے گی اور بلڈنگ گرانے کے دوران تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں جائیں گے۔ایس بی سی اے روزانہ کی بنیاد پر حکومت کو اس حوالے سے رپورٹ جمع کروائے گی ، جس کیلئے تمام ایڈیشنل ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ ، ریجنل اور ڈائریکٹر ڈیمولیشن کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

سٹی کورٹ کراچی میں لیاری میں عمارت گرنے سے 27 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے سے متعلق پولیس نے ابتدائی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ۔ رپورٹ میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 6 ڈائریکٹرز، عمارت کے مالک سمیت 14 افراد کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔واقعے کا مقدمہ لوکل گورنمنٹ، ہائوسنگ اینڈ ٹائو ن پلاننگ ڈپارٹمنٹ سندھ کے ایک افسر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے ابتدائی اطلاعی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی جس کے مطابق 1986ء میں عمارت کے مالک نے دو حصوں پر مشتمل گرانڈ پلس 5 منزلہ عمارت تعمیر کی تھی۔دونوں حصے کافی عرصے سے خستہ حال اور ناقابل رہائش ہو چکے تھے۔