اسلام آ باد:ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کا ہاتھ نہایت واضح ہے، بھارت نے دنیا بھر میں دہشت گردی اور قتل عام کرانا شروع کررکھا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان دہشت کردی پر بلکل کلیئر ہے، بلوچستان میں بھارتی مداخلت ہے،بھارتی پراکسیز دہشت گردی میں ملوث ہیں، پاکستان بھارتی دہشت گردی کا معاملہ ہر عالمی فورم پر اٹھا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہیں اور یہی افغانستان کے ساتھ تعاون میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے معاملے پر افغانستان سے رابطے میں ہیں، امید ہے افغان حکومت مل کر چیلنج پر قابو پانے کی کوشش کرے گی۔
شفقت علی خان نے کہا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا وہ ہو چکا ہے، اس وقت کے رہنما ہی بتا سکتے ہیں کہ 80ء کی دہائی میں کیا فیصلے ہوئے؟ ہمیں ماضی کا قیدی بننے کے بجائے مستقبل کی جانب دیکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
بدقسمتی ہے کہ ابھی تک کشمیریوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوان کی توہین پر پاکستان کا موقف واضح ہے۔شفقت علی خان نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بیان کی وضاحت پیپلزپارٹی کے ترجمان ہی کرسکتے ہیں تاہم بلاول بھٹو نے کسی رہنما کو بھارت کے حوالے کرنے پر کسی کا نام نہیں لیا۔
بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوول نے حقائق کو توڑ مروڑ کر بیان دیا، بھارتی مشیر قومی سلامتی کا بیان بھارتی جارحانہ عزائم کی کا عکاس اوربھارتی عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کا ایس سی او سائیڈ لائنز میں بھارتی رہنما سے ملاقات کا ارادہ نہیں، دیگر شریک رہنماؤں سے اسحاق ڈار کی ملاقاتیں شیڈول کی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدہ 25 کروڑ افراد کی موت اور حیات کا مسئلہ ہے۔شفقت علی خان نے کہا کہ چین قریبی دوست، تائیوان پر پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان برکس ممالک کی تنظیم میں شمولیت کا خواہاں ہے، برکس سے متعلق خبروں پر تبصرہ نہیں کر سکتے کیونکہ ابھی ہم رکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ماحولیاتی آلودگی سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے، پاکستان کا ماحولیاتی آلودگی پھیلانے میں حصہ دیگر ممالک سے کافی کم ہے، پاکستان اسٹیل ملز سویت یونین کا پاکستان کو ایک تحفہ تھی، حکومت اسٹیل ملز کی دوبارہ بحالی کی کوشیش کررہی ہے۔ امریکا میں سینئر حکام سے تجارتی معاہدے پر رابطے میں ہیں۔