باجوڑ، اے این پی رہنما مولانا خان زیب ساتھی سمیت قتل، علاقے میں احتجاج

باجوڑ : تحصیل خار ہیڈ کوارٹر باجوڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما مولانا خان زیب سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقاص رفیق کے مطابق فائرنگ سے مولانا خان زیب کے تین ساتھی زخمی بھی ہوئے، مولانا خان زیب 13 جولائی کو ہونے والے امن مارچ کے سلسلے میں مہم پر تھے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کارروائی عمل میں لانے کا حکم دے دیا۔علی امین گنڈا پور نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا، سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔
واقعے کے بعد علاقے میں فضا شدید کشیدہ ہو گئی ۔ شہریوں نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا، جبکہ باجوڑ سکائوٹس گیٹ پر پتھرائو کیا گیا۔ جوابا ایف سی اہلکاروں نے آنسو گیس کی شیلنگ کر دی، پورا باجوڑ گونج اٹھا۔ چیخیں، آنسو، غصہ اور بے بسی ہر طرف بکھری ہوئی نظر آئی۔