وزارت اقتصادی امور کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 20 ملین یورو کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ معاہدے پر پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا اور سیکریٹری اقتصادی امور نے دستخط کئے، 20 ملین یوروکی گرانٹ گورننس کی بہتری اور کاروباری ماحول سازگار بنانے کیلئے استعمال ہوگی۔
اقتصادی امور کے ترجمان نے مزید بتایا کہ اس اقدام کا مقصد نجی شعبے، خاص طور پر ایس ایم ایز کی مسابقت کو بڑھانا ہے۔ یورپی یونین کے مسلسل تعاون اور شراکت داری پر مشکور ہیں، پروگرام اْڑان پاکستان کے تحت نجی شعبے کی ترقی اور ادارہ جاتی اصلاحات سے ہم آہنگ ہے۔
یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ معاہدہ پاکستان کو مسابقتی اور جامع معیشت بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔