جو لوگ احتجاج کیلئے نکلیں گے دھر لیے جائیں گے ، رانا ثناء اللہ

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کو وارننگ دی ہے کہ جو لوگ احتجاج کیلئے نکلیں گے دھر لیے جائیں گے،پاکستان خوشحالی اور ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے، عدم استحکام روکنے کیلئے ہر اقدام اٹھائیں گے۔

پی ٹی آئی نے جتنے احتجاج کیے وہ پرامن نہیں تھے، یہ کہتے ضرور ہیں کہ پرامن ہوگا مگر پرامن احتجاج کو جانتے نہیں۔ایک انٹر ویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے پی ٹی آئی والوں کو خود کہا تھا کہ آئیں بیٹھیں، وزیراعظم نے کہا کہ اگرآپ کہیں تو میں اسپیکر چیمبر بھی آجائوں گا۔

انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی 6بائی 8جیل میں رکھنے کی بات درست نہیں ، جیل قید کا نام ہے اور جو آدمی قید ہے وہ قید ی ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر پی ٹی آئی والے تشدد کے منصوبے بنائیں گے تو حکومت کے پاس چیک کرنے کا اختیار ہے، قید میں بیٹھا آدمی احتجاجی تحریک کیسے چلا سکتا ہے؟، جن سے اس آدمی کا رابطہ ہوگا تو مشکلات ان کے لیے ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کی احمقانہ بات ہے اور ایسے حالات نہیں ہیں، ترسیلات زر نہ بھجوانے کی تحریک کا جو حشر ہوا سب کے سامنے ہے، خیبر پختوانخوا حکومت کے سائے تلے کچھ لوگ جلسہ جلوس کرسکیں گے، باقی کسی بھی جگہ قابل قدر تعداد سامنے نہیں آئے گی اور جو لوگ احتجاج کیلئے نکلیں گے دھر لیے جائیں گے۔