چین پاکستان کو بھارتی عسکری تنصیبات کی لائیو معلومات فراہم کررہا تھا: بھارتی فوج کا الزام

بھارتی فوج نے پاکستان سے جنگ کے دوران ناکامیوں کا اعتراف کرلیا اور ڈپٹی آرمی چیف نے جنگ کے دوران ہوئی غلطیوں سے سبق سیکھنے کا مشورہ  دیتے ہوئے ملک کا دفاعی نظام اپڈیٹ کرنےکا مطالبہ بھی کردیا۔

لیفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ نے نئی دہلی میں ایک دفاعی تقریب سے خطاب میں الزام عائد کیاکہ پاک بھارت جنگ کے دوران انہیں پاکستان کے علاوہ چین اور ترکیے کا بھی سامنا تھا اور چین پاکستان کو  بھارت کی عسکری تنصیبات کے حوالے سے لائیو معلومات فراہم کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب ڈی جی ایم او (ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز) سطح کی بات چیت ہو رہی تھی تو پاکستان نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ آپ کا فلاں اہم شعبہ تیار ہے اور ایکشن کے لیے تیار کھڑا ہے، اسے چین سے براہ راست معلومات مل رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ زیادہ حیرت کی بات نہیں ہے کیونکہ اگر آپ اعداد و شمار پر نظر دوڑائیں تو گزشتہ 5 سالوں میں 81 فیصد اسلحہ اور آلات جو پاکستان کو ملا ہے وہ سب چینی ساختہ تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین اپنے ہتھیاروں کو دوسرے ہتھیاروں کے سسٹمز کے خلاف ٹیسٹ کر رہا تھا یعنی وہ اس کے لیے ایک لائیو لیب کی طرح تھا، اس لیے یہ وہ چیز  ہے جس کے بارے میں ہمیں  مستقبل میں محتاط رہنا ہو گا۔