ٹرمپ، عاصم منیر ملاقات۔ عصا نہ ہو تو کلیمی ہے کارِ بے بنیاد

رِشی کے فاقوں سے ٹوٹا نہ برہمن کا طلسم
عصا نہ ہوتو کلیمی ہے کار بے بنیاد
علامہ اقبال کے اس شعر کے پہلے مصرعے میں ایک تاریخی حوالہ ہے۔ گوتم بدھ کی فکر اور فلسفہ دراصل برہمن ازم کی بالادستی کے خلاف ایک بغاوت تھی۔ اس مصرعے میں رِشی (سادھو، گیانی، فقیر) کا اشارہ گوتم بدھ کی طرف ہے اور اقبال نے کہا ہے کہ گوتم بدھ کی ساری فاقہ کشی اور روحانی ریاضت ان کے کسی کام نہ آسکی۔ اس کی وجہ برہمنوں کو روحانی مرکز کی حیثیت کے ساتھ سیاسی طاقت اور ریاستی قوت بھی حاصل تھی، چنانچہ برہمن ازم کے خلاف گوتم بدھ کی بغاوت کامیاب نہ ہوسکی اور بالآخر برہمنوں نے بدھ ازم اور اس کے پیروکاروں کو اپنے مرکز سے باہر نکال دیااور ذات پات کا جابرانہ نظام اور برہمنوں کی بالادستی اسی طرح برقرار رہی۔ ”رِشی کے فاقوں سے ٹوٹا نہ برہمن کا طلسم” کا مطلب یہی ہے اور” عصا نہ ہوتو کلیمی ہے کار بے بنیاد” کا مفہوم یہ ہے کہ اپنے خیال کو حقیقت بنانے کیلئے قوت نافذہ بھی درکار ہوتی ہے۔ اقبال کے اس شعر میں سیدنا موسی کلیم اللہ اور ان کے عصا کا ذکر ہے۔ ظاہرہے کہ عصا صرف طاقت نہیں آسمانی طاقت یعنی معجزے کی علامت ہے۔ طاقت آسمانی ہدایت اور اس کی روشنی سے بے نیاز ہو جائے تو اندھی قوت بن جاتی ہے اور اس سے دنیا میں فساد کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا
بے معجزہ دنیا میں ابھرتی نہیں قومیں
جو ضربِ کلیمی نہیں رکھتا وہ ہنر کیا

معجزہ اور ضرب کلیمی ہم معنی الفاظ ہیں۔ اقبال نے انہیں قوموں کے عروج کی بنیاد قرار دیا ہے۔ وہ اندھی قوت کے نشے کو خطرناک قرار دیتے ہیں
تاریخ امم کا یہ پیامِ ازلی ہے
صاحب نظراں’ نشۂ قوت ہے خطرناک
ایران پر اسرائیل کے حملے اسی نشہ قوت کا مظہر ہیں۔ ایسے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا وائٹ ہاؤس کا تنہا دورہ قومی فخر کی علامت اور پاکستان کی سفارتی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان اور اس کی موجودہ عسکری قیادت کو عالمی سطح پر جو مقام حاصل ہواہے، اس کی بنیاد وہ عصا (ایٹمی قوت) ہے، جس کی وجہ سے اسرائیل پاکستان کی طرف میلی نظر نہیں ڈال سکتا۔ پاکستان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہونے کے ساتھ ایک اعلیٰ تربیت یافتہ بری، فضائی اور بحری فوج بھی رکھتا ہے۔ ملک میں ایسے احسان ناشناس بھی ہیں جو کہتے ہیں کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہیرو نہیں، ایک سائنسدان تھے۔ سائنسدان تو ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے پہلے بھی بہت سے تھے مگر خان صاحب سے پہلے ہمیں کوئی شخص یورینیم افزودہ کرنے کا نسخہ بتا سکا اور نہ ہی عملاً اس کا تجربہ کرکے دکھا سکا۔ قوم کو ڈاکٹر خان، ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو’ جنرل ضیاء الحق’ جناب غلام اسحق خان اور میاں محمد نواز شریف کا ہمیشہ ممنون ہونا چاہیے جنہوں نے تمام تر اختلافات کے باوجوداس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا اپنا کردار ادا کیا۔ جرات وہمت کے ساتھ بروقت فیصلے اور بساط کے مطابق طاقت کا حصول اور اس کا استعمال کامیابی کی کلید بن کر ہمارے سامنے ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی تاریخ کے پہلے چیف آف آرمی اسٹاف ہیں جنہوں نے وائٹ ہاؤس میں موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اعلیٰ سطحی ملاقات کسی سویلین وفد کی موجودی کے بغیر کی۔ واشنگٹن ڈی سی کے سفارتی دورے میں صدر ٹرمپ کی طرف سے دیا گیا ظہرانہ اور امریکی کابینہ کے سینئر ارکان کے ساتھ ملاقاتیں گہرے اسٹریٹجک ڈائیلاگ اور دوطرفہ صف بندی کا اشارہ دیتی ہیں۔ امریکی کابینہ کے ساتھ وسیع تبادلہ خیال اس تاریخی مصروفیت کا حصہ تھی جو پاکستان امریکا تعلقات میں ایک نئے موڑ کی نشاندہی اور عسکری قیادت کی عالمی سطح پر بلند قامتی کو ظاہرکرتی ہے۔ صرف دفاعی تعلقات پر مرکوز ہونے والے پہلے دوروں کے برعکس یہ ملاقات سویلین نمائندگی کے بغیر پاکستان کی فوجی قیادت اور امریکی حکومت کے اعلیٰ ترین سطح کے براہ راست سیاسی روابط اور امریکا کے پاکستان کی عسکری قیادت پر بڑھتے ہوئے اعتماد، علاقائی اور عالمی سفارت کاری میں اس کے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ دورہ صدر ٹرمپ کی پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی کامیاب ثالثی کے بعد، یہ دعوت فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دی گئی، اس سے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیاسی مخاصمت پر زمینی حقائق کے تناظر میں بیانیہ پاک فوج کے بین الاقوامی موقف پر اعتماد کا عکاس ہے۔

ایران پر اسرائیلی حملوں کے اہداف میں ایران کے ایٹمی پروگرام کا خاتمہ، رجیم چینج کی راہ ہموار کرنا، عالم اسلام کو خوفزدہ کرنا اور گریٹر اسرائیل کی راہ ہموار کرنا ہے۔ گریٹر اسرائیل صہیونی منصوبے کے مطابق دریائے نیل سے دریائے فرات تک مصر کے کچھ علاقوں، عراق’ شام’ لبنان’ اردن اور سارے فلسطین کو اسرائیل کا حصہ بنایا جائے گا۔ ایران پر حالیہ صہیونی حملوں سے یہ ثابت ہوا کہ اسرائیل عالم اسلام سے کہیں بڑھ کر جدید ترین اسلحہ رکھتا ہے۔ اسی طرح وہ ایسی سائبر ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے جو ہزاروں کلو میٹر دور سے کسی بھی شخص کو ہلاک کرنے کی استعداد رکھتی ہے۔ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساداسلامی ملکوں کے اندر گھس کر بھی یہ خوفناک کام کر رہی ہے۔ ضروری ہے کہ امت مسلمہ جدید ترین سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرے۔ مسلم ممالک اپنے لوگوں کی بجائے اسرائیل جیسے دشمنوں کے عزائم پر نگاہ رکھیں۔ آج پوری دنیا میں جو فساد برپا ہے، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ نہ کسی کے پاس عصا ہے اور نہ کلیمی کا کوئی تصور۔ طاقت اور صرف طاقت دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک اپنا کھیل کھیل رہی ہے اور اخلاقی طاقت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی ہے۔ مغرب نے خدا کا انکار کیا تو انسان کو خدا بنادیا، چنانچہ مغرب میں پوری کائنات انسانی مظاہر کی کائنات بن کر رہ گئی۔ جوش ملیح آبادی نے کہا تھا
ہم ایسے اہلِ نظر کو ثبوتِ حق کے لیے
اگر رسول نہ ہوتے تو صبح کافی تھی

ہماری تہذیب میں صبح حق کا استعارہ ہے، سورج ہر روز ایک معجزانہ شان کے ساتھ طلوع ہوتا ہے اور سورج کے طلوع کے ساتھ روشنی حق کی طرح لمحہ بہ لمحہ پیش قدمی کرتی ہے، جس کے نتیجے میں ظلمت باطل کی طرح پسپا ہوتی اور سورج کی روشنی حق کی طرح ہر طرف پھیل جاتی ہے۔ گویا حق پوری دنیا پر غالب آ جاتا ہے
اگر کوئی شعیب آئے میَسّر
شبانی سے کِلیمی دو قدم ہے
حصولِ کمال کے لیے شعیب جیسے مردِ قلندر کی صحبت اور رہنمائی ملے تو شبانی (گلہ بانی) سے کلیمی (پیغمبری) کا سفر دو قدم کی دوری پر ہے۔ ضرب کلیمی ہو توتندیٔ بادِ مخالف اونچی اڑان کا ذریعہ بن جاتی ہے۔