اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے ایک بڑی اور حوصلہ افزا پیشرفت ثابت ہو سکتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ کی حیثیت سے آج فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی صدر کے ساتھ ظہرانے پر ملاقات کریں گے، جو امریکہ کی جنگ بندی کوششوں کے پس منظر میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پانچ روزہ جنگ میں پاکستان کی فیصلہ کن کامیابی کے باوجود بھارت نے مستقل امن کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی مخالفت کی ہے، جو کہ افسوس ناک ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ بھارت کو شکست دینے کے بعد نہ صرف امن کی کوششوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں بلکہ امریکا کی سفارتی کوششوں کی بھی مخالفت کی گئی۔ پاکستان نہ تصادم کا خواہاں ہے اور نہ ہی بھارت سے مذاکرات کے لیے بے قرار، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ دیرپا امن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، کیونکہ ہمارے باہمی تنازعات کا کوئی فوجی حل نہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت، مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور دہشتگردی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا طرزعمل زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار حل کا راستہ ضد یا انکار نہیں بلکہ سچائی اور اصولوں پر مبنی سفارت کاری ہے۔