ایرانی خبر رساں ایجنسی “مہر” کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر تہران کے علاقے رے میں کارروائی کی گئی، جس کے دوران سیکورٹی فورسز اور مشتبہ افراد کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ گروہ تہران کے اندر گنجان آباد اور عوامی علاقوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، جس کا مقصد وسیع پیمانے پر دہشت اور تباہی پھیلانا تھا۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس خطرناک نیٹ ورک کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، حساس مواصلاتی آلات اور مشکوک دستاویزات برآمد کر لی گئیں۔
ایرانی حکام نے اس کارروائی کو دشمن انٹیلی جنس کی ایک اور ناکام سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ واقعے کی مزید تفصیلات اور گرفتار افراد سے متعلق معلومات جلد منظر عام پر آنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ ایران ماضی میں بھی موساد سے وابستہ نیٹ ورکس کے انکشافات اور گرفتاریوں کا اعلان کر چکا ہے، جنہیں مختلف حساس تنصیبات اور عوامی مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔