اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا گیا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے کشیدگی کے دوران اور بعد میں زبردست کردار پر قرارداد کی منظوری بھی دی گئی۔وفاقی کابینہ نے ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی کے حوالے سے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
ذرائع نے کہا کہ وزیر خزانہ نے فنانس بل میں مجوزہ ترامیم اور تجاویز پر کابینہ کو بریفنگ دی۔ذرائع نے کہا کہ وزیر خزانہ کی بریفنگ کے بعد وفاقی کابینہ نے نئے مالی سال کے فنانس بل کی منظوری دے دی۔
ذرائع نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم لیوی متعین کرنے کا اختیار پیٹرولیم ڈویژن کو دینے کی منظوری دے دی۔دریں اثناء اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ایران اسرائیل جنگ بندی میں پاکستان نے انتہائی موثر کردار ادا کیا اور مستقل انداز میں ایران کی حمایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ کے اوپر بہت محنت کی گئی اس پر وزیرخزانہ کا شکریہ اد اکرتا ہوں، نائب وزیر اعظم، حلیف جماعتوں کی بجٹ میں کاوشیں قابل ستائش ہیں، اس حوالے سے صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا بھی شکرگزار ہوں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایران نے صدر آصف زرداری، میرا اور فیلڈ مارشل کا نام لے کر شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم نے بڑی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا، ایران نے اسرائیل کو اپنے دفاع میں بھرپور جواب دیا۔
ایران نے کہا کہ بڑے باوقار طریقے سے جنگ بند ہوگی، پاکستان نے اس جنگ بندی میں انتہائی موثر کردار ادا کیا، میری سعودی ولی عہد اور ایرانی صدر سے بھی بات ہوئی، سعودی عرب نے جنگ بندی میں کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ امریکی صدر سے ملاقات کے بعد آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی استنبول میں ایرانی وزیرِخارجہ سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے فیلڈ مارشل کی کھلے دل سے تعریف کی اور صدر ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک میں امن کے دشمنوں فتنة الخوارج کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے جو کہ ریاست کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ پاک فوج عظیم قربانیاں دے رہی ہے، ہم دشمن کے خلاف جنگ جیتیں گے۔
محرم کی آمد کے پیش نظر وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ مجالس اور جلوسوں میں امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کا عملی مظاہرہ کریں تاکہ ملک میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بجٹ کی منظوری کے بعد حکومت معیشت کو مضبوط بنانے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ترقیاتی عمل کو تیز تر کرنے کے لیے جامع اور ٹھوس اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال میں اقتصادی میدان میں پیش رفت ہی ملکی استحکام کی بنیاد بنے گی۔