لندن/برسلز؛پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے پانی روکنا واقعی جوہری جنگ کا باعث بن سکتا ہے ، سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی پاکستان کی ریڈ لائن ہے۔
سابق وزیرخارجہ اور پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے جرمنی کے نیوز چینل ڈی ڈبلیو کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا فیصلہ واپس لینا پڑے گا، یہ انسانی حقوق کے خلاف ہے۔
عمل درآمد تو دور کی بات ہے، صرف یہ دھمکی دینا کہ بھارت پاکستان کے پانی کو روکے گا، اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ حق دفاع کی تو دور کی بات یہ تو ہماری بقا کا مسئلہ ہے۔
اگر ہم اپنے لوگوں کو پینے کے لیے پانی فراہم نہ کرسکے توبطور ریاست ہماری ذمے داری ہے کہ میں انہیں ان کا حق دلوائوں چاہے اس کے لیے ہمیں جنگ کیوں نہ چھیڑنی پڑے اور یہی ( پانی)ہماری ریڈ لائن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے بہت سے واقعات ہوتے ہیں جن میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں سب سے بڑا ثبوت کلبھوش یادو کی گرفتاری ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے یہ نہیں کہا کہ اس کی وجہ سے ہم جنگ چھیڑ رہے ہیں لیکن بھارت نے پاکستان کا پانی بند کرنے پر عمل درآمد کیا تو مجبوراً پاکستان کو جنگ کے میدان میں اترنا پڑے گا۔
ادھربلاول بھٹو زرداری کی بریفنگ کے عالمی میڈیا میں چرچے ہو رہے ہیں۔برسلز میں سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول بھٹو کی بریفنگ کو عالمی میڈیا میں خوب سراہا جا رہا ہے، رہنما گرین پارٹی اور سابق رکن یورپی پارلیمنٹ فرینک نے کہا کہ بلاول نے پاکستان کے مثبت چہرے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
سکھ آرگنائزیشن کے صدر بندر سنگھ نے کہا بلاول بھٹو نے کشمیریوں کے ساتھ سکھ برادری کے مسائل کو بھی اجاگر کر کے سکھ برادری کے دل جیت لیے ہیں۔سینئر جرنلسٹ آندرے باخ نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور وژن کو سراہا۔