مشاعر مقدسہ ترقیاتی امور کی ذمہ دار کمپنی کدانہ نے وادی منی ، میدان عرفات اورمزدلفہ میں حجاج میں مختلف اشیا تقسیم کرنے کے لیے 70 مراکز قائم کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حج 2025 کے لیے کدانہ ترقیاتی کمپنی کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں فلاحی بنیادوں پر کام کرنے والے اداروں کی سہولت کیلیے تقسیم مراکز کی تعمیر کی ہے جہاں اشیا کو بحفاظت رکھنے اورحجاج میں تقسیم کرنے کے انتظامات بہتر طریقے سے کیے جاسکیں گے۔
کدانہ کمپنی نے فلاحی تنظیم ھدیہ الحاج والمعتمر، سقیا فاونڈیشن و دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط بھی کیے ہیں جن کا مقصد ان فلاحی اداروں کو ایام حج میں تقسیم مراکز کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔
فلاحی انجمن ھدیہ الحاج کے سی ای او انجینئرترکی الحتیرشی نے بتایا کہ ایام حج میں ادارے کے کارکن حجاج کرام میں ٹھنڈے پانی کی بوتلیں ، کھانے کی اشیا اور دیگر ضروری چیزیں تقسیم کریں گے ۔ اس حوالے سے ادارے نے 200 رضاکاروں کو تربیت بھی فراہم کی ہے ۔
دوسری جانب سقیا فاونڈیشن کے سی ای او انجینئرعبدالرحمان الرشود کا کہنا تھا کہ ایام حج میں یومیہ بنیاد پر تقسیم مراکز سے 60 سے 90 ہزار ٹھنڈے پانی کی بوتلیں اور 10 ہزار خوراک کے پیکٹس تقسیم کیے جائیں گے۔
