پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو 5 وکٹوں سے ہرا کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ زلمی نے 9 سال بعد ٹائٹل جیتا ہے۔
پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کا 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور کی دوسری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے دیے گئے 130 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری، محمد حارث 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ٹیم کی دوسری وکٹ 7 کے اسکور پر اس وقت گری جب کپتان بابراعظم شارٹ مارنے کے چکر میں وکٹ کیپر کے ہاتھوں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کی تیسری وکٹ 33 اور چوتھی وکٹ 40 رنز پر گری، کوشال مینڈس 9 اور مائیکل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تاہم پانچویں وکٹ پر ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور ٹیم کو فتح کی لکیر عبور کروانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ایرون ہارڈی نے دباؤ کی صورتحال میں 36 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی، وہ 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عبدالصمد 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے وننگ شاٹ فرحان یوسف نے لگایا اور ٹیم کو 9 سال بعد پی ایس ایل ٹائٹل جتوادیا۔

