اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری اور سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی نے پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کی 20 سالہ تفصیلات دنیا کے سامنے پیش کر دیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر اور سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی نے بھارت کی پراکسی وار کو فتنة الہندوستان کا نام دیا۔سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی نے بتایا کہ بلوچستان میں حملے کا واقعہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی را کی سرپرستی میں ہوا، بھارت آپریشن سندور میں بری طرح ناکام ہوا ہے، بھارت نے اب دہشت گرد پراکسیزکو بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ حکومت پاکستان ان نیٹ ورکس کو ختم کرےگی، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا،دہشت گردوں کو حملے کے خطرناک نتائج بھگتنا ہوں گے۔ فتنة الہندوستان نے اب سافٹ ٹارگٹس پر حملے شروع کیے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارت کی 20 سالہ ریاستی دہشت گردی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت 20 سال سے ریاستی دہشت گردی کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے، مکتی باہنی کا قیام، سقوط ڈھاکہ اس کی مثالیں واضح ہیں، بھارت خطے کا امن سبوتاڑ کر رہا ہے۔ بھارت دہشتگردوں کو فنڈز فراہم کرتا ہے، 2009 میں پاکستان نے شواہد بھارت کے وزیراعظم کو دیے، گرفتار دہشت گردوں نے بھارت کی پشت پناہی کا اعتراف کیا۔کلبھوشن یادیو کو پاکستان سے گرفتار کیا گیا، کلبھوشن یادیو نے اپنے اعترافی بیان میں تمام حقائق بتائے۔ 21 مئی کو بھارت کے حکم پر فتنة الہندوستان نے یہ سب کچھ کیا، یہ بھارت کی دہشت گردانہ ظلم کی شکل ہے، ان حملوں میں کوئی بلوچیت، پاکستانیت نہیں۔
ان کا کہنا تھا 12 اپریل 2024 کو 12 مزدوروں کو نوشکی میں شہید کیاگیا، 28 اپریل 2024 کو تمپ کیچ میں 2 مزدوروں کو شہید کیاگیا، بھارت کی ہدایت پر یہ عورتوں اور بچوں پرحملے کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 14 فروری کو ہرنائی میں 10 افراد کو آئی ای ڈی دھماکے میں شہیدکیا گیا، جعفر ایکسپریس حملے میں معصوم شہری، چھٹی پر جانے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شہیدکیاگیا جبکہ 9 مئی کو لسبیلہ میں 3 معصوم حجاموں کو شہید کیاگیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 21 مئی کو 6 معصوم پھولوں کو شہید کیاگیا، 51 معصوم بچے اپنی زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ ہے بھارت کا مکروہ چہرہ ۔ان کا کہنا ہے کہ وہ بچوں، مزدوروں کو شہید کر رہے ہیں لیکن بلوچستان کے لوگوں کاعزم نہیں توڑ سکے، بھارت کی 20 سال کی اسٹیٹ اسپانسرڈ دہشت گردی کا ریکارڈ عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں، پکڑے گئے دہشت گردوں نے بتایا ہے کہ فتنة الہندوستان کیسے پاکستان میں دہشت گردی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میجرسندیپ کا بیان ہے کہ بھارت بلوچستان سے لاہور تک دہشتگردی کرا رہا ہے، میجر سندیپ کے بیان سے واضح ہوا کہ یہ کیسے پاکستان میں دہشتگردی کرانے میں ملوث ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ 6 اور 7 مئی کی رات بھارت نے پاکستان میں کچھ مقامات پر حملہ کیا، انٹرنیشنل میڈیا نے ان مقامات کا دورہ کیا، کیا میڈیا کو ان مقامات پر ایسی کوئی سرگرمی نظر آئی جو مشکوک ہو، بھارت بتائے کس ثبوت کی بنیاد پر پاکستان میں ان مقامات کو نشانہ بنایا۔ پاکستان کی مسلح افواج سینہ تان کر کھڑی ہیں، ان کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہم ڈرنے والے بالکل نہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا پر پاکستان کے افسروں اور جوانوں کے سروں کی قیمتیں لگائی جا رہی ہیں، بھارت کے اندر سے سوالات آ رہے ہیں کہ سکیورٹی فیلیئر ہوگیا، یہ دہشت گردی کہاں جا کر ختم ہوتی ہے، کون ہدایات دیتا ہے، سب کچھ واضح ہے، معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ کی مدد سے بھارت کا منہ کالا کیا۔پریس کانفرنس کے دوران بلوچستان میں شہید کیے گئے افرادکے لواحقین کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔