ملتان:وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہا ہے کہ افواج پاکستان، قوم اوراہل مدارس آئندہ بھی ملک کے دفاع کے لیے چوکس رہیں گے ، بھارت دوبارہ پاکستان پر حملے کی غلطی نہ کرے ورنہ اس سے بھی زیادہ سخت جواب ملے گا۔
صدر وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے پاک فوج کی طرف سے بھارتی جارحیت کا کامیاب اور دندان شکن جواب دینے پر پوری قوم سے شکرانے کے نوافل ادا کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے پاک فوج بالخصوص فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جنگی جنون کا اس منہ توڑ جواب کے علاہ کوئی علاج نہ تھا،وفاق المدارس کے قائدین نے پاک فوج کی طرف سے قرآن کریم کی آیت مبارکہ کی روشنی میں نام رکھنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ہے اور اسلام اور قرآن کی تعلیمات پر عملدرآمد ہی اس ملک کی بقا کی ضمانت ہے۔
وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ آج اسلام،جذبہ جہاد اور شوق شہادت ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر اللہ رب العزت نے پاکستان کو اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے مقابلے میں سرخرو اور کامیاب کیا اور آئندہ بھی کامیابی اور فتح کا دار و مدار اسلام پر ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ان عناصر کو جو پاکستان کی مذہبی شناخت اور مذہبی حوالہ مٹانے کے درپے رہتے ہیں اپنے طرز عمل سے باز رہنا چاہیے۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے اس بات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ تاریخ کے اس اہم موقع پر پاک فوج کی قیادت دینی مدرسہ سے پڑھے ہوئے ایک حافظ قرآن سپہ سالار کے ہاتھ میں ہے جنہوں نے جرات مندانہ انداز اختیار کرکے دشمن کے خواب چکنا چور کیے۔
وفاق المدارس کے قائدین نے قوم سے اپیل کی کہ پوری قوم بیدار رہے،متحد رہے اور افواج پاکستان کی پشت پر ہمت و استقامت سے کھڑی رہے ان شااللہ فتح پاکستان اور اہل پاکستان کی ہوگی۔