وفاق المدارس کے دعائیہ اجتماعات، جے یو آئی، جماعت اسلامی کے مظاہرے

کراچی/ملتان (خصوصی رپورٹ)مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی اپیل پر ملک بھر میں بھارتی جارحیت کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں یومِ یکجہتی و بیداری منایا گیا۔ مساجد، مدارس، جامعات اورجمعةالمبارک کے اجتماعات میں علمائے کرام نے اپنے خطبات میں بھارتی جارحیت کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور مساجد و عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے جیسے انسانیت سوز اقدامات پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔
علمائے کرام نے اپنے خطابات میں پاک فوج کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
وفاق المدارس کے قائدین کی ہدایت پر ملک بھر کے مدارس اور جامعات میں خصوصی دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا، جن میں مظلوم فلسطینیوں، کشمیریوں اور بھارتی جارحیت کے متاثرہ بچوں، خواتین اور شہدا کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا مفتی محمد تقی عثمانی (صدر)، مولانا انوارالحق (نائب صدر)، مولانا محمد حنیف جالندھری (جنرل سیکرٹری)، مولانا سید مختار الدین شاہ، مولانا عبیداللہ خالد، مولانا سعید یوسف، مفتی محمد طیب، مفتی عبدالستار، مولانا امداد اللہ یوسفزئی، مولانا عبدالقدوس محمدی، مولانا طلحہ رحمانی، مفتی عبدالرحمن، مولانا حسین احمد، مولانا زبیر صدیقی، مولانا صلاح الدین، مولانا قاضی نثار، مولانا یوسف خان، مولانا محمد قاسم، مولانا عبدالمجید اور دیگر نے کہا ہے کہ مساجد اور دینی مراکز کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ مذمت اور ناقابلِ برداشت عمل ہے، جس کا عالمی سطح پر نوٹس لیا جانا چاہیے۔
وفاق المدارس کے قائدین نے حکومتِ پاکستان، اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی ضمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی دہشت گردی اور مذہبی بنیادوں پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے جیسے اقدامات کو روکا جائے، اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدام کیے جائیں۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے اسرائیلی ساخت کے ڈرون طیارے پاکستان کی حدود میں بھیجنے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل سمیت تمام عالم کفر بھارت کی پشت پر ہے اور پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے ایسے حالات میں امت مسلمہ کو بھی سخت اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔
دریں اثناء جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر ملک اور پنجاب سندھ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں یوم دفاع وطن کے موقع پر جمعہ کے اجتماعات میں بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا گیا ،علماء کرام نے مساجد کے خطبات جمعہ میں ہندوستانی جارحیت کے خلاف مذمتی قراردادیں منظورکیں، انہوں نے اپنے خطبات میں کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے بھی تیار ہے اگر افواج کو ضرورت پڑی تو ہم براہ راست میدان میں اترنے کے لیے بھی تیار ہوں گے۔
امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر بھارتی جارحیت و بزدلانہ کارروائی کے خلاف جمعہ 9 مئی کو ملک گیر ”یوم عزم” کے سلسلے میں سینکڑوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے لسبیلہ چوک نعمان مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔مظاہرے کے شرکاء نے امریکا،بھارت و اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔