اسلام آباد:پاکستان ایئر فورس کے ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد نے ترجمان پاک فوج کے ہمراہ بین الاقوامی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بھارتی رافیل گرانے کے ثبوت دے دیے۔ انھوں نے کہا کہ گاڈزیلا ناپید ہو چکے ہیں، رافیل کو بھی ناپید کر دیا ہے۔ بھارت نے 4 اطراف سے 60 طیارے بھیجے، بھارتی حملہ آور طیاروں میں 16 رافیل بھی تھے۔انہوں نے رافیل جہاز کے پائلٹ کی آڈیو بھی سنائی۔
ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد نے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ بھارت نے 4 اطراف سے 60 طیارے بھیجے، بھارتی حملہ آور طیاروں میں 16 رافیل بھی تھے۔ اس کے بعد مزید بھارتی طیارے آئے، تعداد 72 ہوگئی۔ پاکستان نے ان کے مقابلے میں 42 طیارے بھیجے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے پہلے سول ائیر لائنز کو ری روٹ کیا۔ اس کے بعد ہم نے فضا میں ہی اسٹریٹجی تبدیل کی اور رافیل پر فوکس کیا۔ ماڈرن وار فیئر میں اگر آپ پہل نہ کرو تو مارے جاتے ہو۔بھارتی مگ 29 کو ایل او سی سے 8 کلومیٹر دور مارا گیا، ایس یو تھرٹی کو ایل او سی سے 45 میل دور مارا گیا اور رافیل کو ایل او سی سے 54 میل دور گرایا گیا۔
پاکستان ایئر فورس ایئروائس مارشل نے بتایا کہ ہمارے لیے وہ ایک بہت بڑا چیلنج تھا، اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔ رافیل کی کال سائن کو گاڈزیلا کا نام دیا گیا تھا، گاڈزیلا ناپید ہو چکے ہیں، اس لیے رافیل کو بھی ناپید کر دیا۔ پاکستانی ائیرفورس نے گاڈزیلاـ4 کو گرایا۔ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا کہ ہم جانتے ہیں اس جدید جنگ میں ہم قیاس آرئیاں نہیں کر سکتے، پاکستان کے کامیاب دفاع پر اللہ کے شکر گزار ہیں۔ پاک فضائیہ بھارتی حملوں کے خلاف دو منٹ میں بروئے کار آئی۔
