ترجمان پاک فوج نے جعلی بھارتی میڈیا رپورٹس کی دھجیاں اڑادیں

اسلام آباد:ڈی جی آئی ایس پی آر نے غیر ملکی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کی جانب سے پہلگام واقعے پر اٹھائے گئے سوالات کی ویڈیوز پیش کیں جن میں شہریوں نے مودی حکومت اور بھارتی فوج کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان اٹھادیا اور پہلگام واقعے کو بھارتی فوج کا ڈرامہ قرار دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ مودی حکومت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ سب کچھ کررہی ہے۔بھارت کی بے بنیاد جارحیت کو اب بند ہوجانا چاہیے، پاکستان نے بھارت کو تحقیقات کی پیش کش بھی کی تھی اور کہا تھا کہ کوئی تیسرا فریق جج بن جائے مگر پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت میں مقیم مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اب تک 77 ڈرونز کو تباہ کردیا ہے، ہم نے بھارت کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا، ہم بھارت کی صرف ان چیک پوسٹوں کو نشانہ بناتے ہیں جہاں سے ہم پر فائرنگ کی جاتی ہے۔ بھارت میڈیا کہانیاں گھڑنے سے قبل سوچ لے۔ بھارت اپنا جدید ترین طیارہ گرنے پر مایوسی کا شکار ہم اس کی مایوس جانتے ہیں، بھارتی حکام بھی لگتا ہے فلموں پر زیادہ یقین رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 21ویں صدیں کی جنگوں میں ہدف کو نشانہ بنایا جائے تو واضح ثبوت ہوتے ہیں، بھارتی میڈیا بغیر ثبوتوں کے جھوٹی کہانیاں بنا کر دْنیا کو گمراہ کر رہا ہے، جب پاکستان اپنے دفاع میں کارروائی کرے گا تو دنیا دیکھے گی، پاکستان دفاع میں کارروائی کرے گا تو بھارتی میڈیا کو بتانیکی ضرورت نہیں پڑے گی۔